بنگلورو۔05/ستمبر(کرناٹکا نیوز)کاویری آبی تنازعہ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد رونما ہونے والے ناخوشگوار حالات کے پیش نظر انٹلی جنس کے مشورہ پر وزیر برائے شہری ترقیات وحج آر روشن بیگ نے کل 6/ ستمبر کو دورہئ ٹمکور ملتوی کردیا۔واضح رہے کہ کل جناب روشن بیگ شہر ٹمکور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا معائنہ کرنے کے علاوہ اپنے قلمدان کے تحت آنے والے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے والے تھے۔اسی طرح شہر کے مختلف ملی اداروں کے ذریعہ منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے۔کاویری تنازعہ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ سدرامیا کی رہائش گاہ پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہئ انٹلی جنس کے اعلیٰ افسران نے وزراء کے دوروں کو ملتوی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد اولڈ میسور علاقہ میں حالات کشیدہ ہونے کی توقع ہے۔ جس کی بنیاد پر جناب روشن بیگ نے اپنا دورہئ ٹمکور ملتوی کردیا ہے۔عنقریب نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔